کراچی: گزشتہ روز چھائی ہوئی مندی کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے کو ملی، انڈیکس 789.34 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد 41 ہزار کی نفسیاتی حد دوبارہ بحال ہو گئی۔
معاشی حوالے سے مثبت خبروں کے اثرات سامنے آنے لگے، وزیراعظم کی جانب سے صنعتوں کو پیکیج دینے، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی طرف سے 4 ارب ڈالر کے ریلیف کی خبروں کے بعد سرمایہ کاروں نے ٹریڈنگ میں زبردست دلچسپی لی۔
کاورباری روز کے آغاز پر پہلے ہی گھنٹے کے دوران انڈیکس میں 426 سے زائد پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔ جس کے بعد مسلسل تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس ایک موقع پر 41084.90 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا۔
کاروبار کے اختتام پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 789.34 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 41071.30 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کربند ہوا۔
تیزی کے باعث مزید آٹھ حدیں بحال ہوئیں۔ بحال ہونے والی حدوں میں 40300، 40400، 40500، 40600، 40700، 40800، 40900، 41000 کی حدیں شامل ہیں۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.96 فیصد کی بہتری ریکارڈ کی گئی اور 19 کروڑ 33 لاکھ 80 ہزار 341 شیئرز کا لین دین ہوا، زبردست تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو 100 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔