کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو بھی مندی کا تسلسل جاری رہا اورکے ایس ای 100انڈیکس46ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے مزید247.16 پوائنٹس کی کمی سے 45808.36پوائنٹس کی سطح پرآ گیا۔
جب کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کے دباوٗ کے باعث 57.28فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو39کروڑ77لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی جمعرات کی نسبت60.64 فیصد کم رہا۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزٹریڈنگ کے آغازمیں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں خریداری کے باعث تیزی رہی جس سے کے ایس ای 100انڈیکس46364پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔
تاہم بعد ازاں سینیٹ الیکشن اور اپوزیشن لانگ مارچ کے حوالے سے سیاسی لحاظ سے غیر یقینی ملکی صورتحال کے باعث سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا دباوٗ بڑھ گیا جس کے سبب مندی چھاگئی اوردوران ٹریڈنگ انڈیکس 46ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے45727پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا۔
مندی کا رجحا ن آخر تک غالب رہا اورکاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس247.16 پوائنٹس کی کمی سے 45808.36پوائنٹس پر بند ہواجب کہ کے ایس ای30انڈیکس117.51پوائنٹس کی کمی سے 19104.50پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 151.98پوائنٹس کی کمی سے 31552.69پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر405کمپنیوں کا کاروربار ہوا جس میں سے 157کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ232میں کمی اور 16کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔