کراچی:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو بھی مندی کا رجحان برقرار رہا جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس مزید105.14پوائنٹس کی کمی سے41701پوائنٹس کی سطح پرآ گیااور56.44فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 10ارب22کروڑ85لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑاتاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی جمعرات کی نسبت 1لاکھ 32ہزارشیئرززائد رہا۔
گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے مخصوص منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں دلچسپی کے باعث تیزی دیکھنے میں آئی جس کے باعث دوران ٹریڈنگ کے ایس ای 100انڈیکس42ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔
تاہم بعد ازاں حصص فروخت کا دباوٗ بڑھنے سے مندی چھاگئی جس کی وجہ سے 42ہزار کی نفسیاتی حد پھر گرگئی اورکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس105.14پوائنٹس کی کمی سے 41701.23پر بند ہوا۔
اسی طرح کے ایس ای30 انڈیکس52.86 پوائنٹس کی کمی سے 17605.68پوائنٹس پر آگیاجب کہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 38.77پوائنٹس کے اضافے سے29636.11پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر411کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 161کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 232میں کمی اور 18کمپنیو ں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔مندی کے باعث سرمائے کا مجموعی حجم78کھرب8ارب61کروڑ34لاکھ روپے سے گھٹ کر78کھرب18ارب84کروڑ19لاکھ روپے ہوگیا۔