اسلام آباد: دفترِ خارجہ نے کرتارپور راہداری کے غلط استعمال کا الزام عائد کرنے پر مبنی بھارت کی نریندر مودی حکومت کا پروپیگنڈا بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی نریندر مودی حکومت نے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا شروع کردیا۔ ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ کرتارپور راہداری کو کاروباری ملاقاتوں کیلئے استعمال کرنے سے متعلق بھارتی پروپیگنڈہ بدنیتی پر مبنی ہے۔
پاکستان افغانستان کے معاملے پر روس کے ساتھ چلنا چاہتا ہے۔وزیر اعظم
بھارتی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ بھارت نے من گھڑت اور دانستہ منفی مہم شروع کررکھی ہے۔ پروپیگنڈے کا مقصد کرتار پور راہداری جیسے تاریخی اقدام کو سبوتاژ کرنا ہے ۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ امن کی راہداری کو بدنام کرنے کیلئے نریندر مودی کا دانستہ پروپیگنڈہ کوئی نئی بات نہیں۔ ہم اقلیتوں کے حقوق کو اوّلین ترجیح دیتے ہیں۔ پاکستان میں ہر کمیونٹی سے متعلق مذہبی و مقدس مقامات کا تقدس یقینی بنایا جاتا ہے۔
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ حال ہی میں پاکستان نے بیساکھی میلے کے دوران 200سے زائد یاتریوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل کیا۔ زائرین کو مقدس مذہبی مقامات پر خراجِ عقیدت کی سہولیات دی گئیں۔ سکھ برادری پاکستانی کاوشوں کی تعریف کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی نریندر مودی حکومت غلط بیانی کی جگہ مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھائے۔ واضح رہے کہ ہمسایہ ملک بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کا عرصۂ حیات تنگ کردیا گیا ہے۔ مذہب کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھی قدغنیں عائد کی جارہی ہیں۔