لاہور: قومی کرکٹ ٹیم زمبابوے کے مہمان کھلاڑیوں کے خلاف جارحانہ حکمتِ عملی کے ساتھ کرکٹ کیلئے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کی کمزور ٹیم پر پے در پے حملوں کی منصوبہ بندی کر لی، ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کپتان بابر اعظم اور پاکستانی کرکٹ ٹیم مثبت کرکٹ کھیلنے کیلئے پر عزم ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں بابر اعظم نے کہا کہ موجودہ دور میں کھیل میں تیزی شامل ہو گئی ہے، مثال فٹنس بے حد ضروری ہے، میں نائب کپتان شاداب خان کے ساتھ دوسروں کیلئے مثال قائم کرنا چاہتا ہوں۔
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آئندہ چند ماہ ہم بہت زیادہ کرکٹ کھیل کر جارحانہ حکمتِ عملی کے ذریعے ٹیم کو ٹاپ رینکنگ میں لانا چاہتے ہیں۔ بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
کپتان بابر اعظم نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف وطن میں کھیلنا حوصلہ افزائی کا باعث ضرور ہے لیکن اسٹیڈیم شائقین سے خالی رہے گا، کوشش ہوگی کہ گھر بیٹے شائقینِ کرکٹ کو خوش رکھیں جبکہ شاداب خان نے زمبابوے کو ترنوالہ نہ سمجھنے کا عندیہ دیا۔
نائب کپتان شاداب خان نے کہا کہ ہم زمبابوے کرکٹ ٹیم کو ہلکا نہیں سمجھیں گے، ہمارے لیے آئی سی سی سپر لیگ کا ہر پوائنٹ بے حد قیمتی ہے، بہترین کارکردگی دکھا کر میچز جیتنا ہی قومی کرکٹ ٹیم کے اعتماد میں اضافے کا سبب ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: اظہر علی کو قیادت سے ہٹانے کا فیصلہ، نئے کپتان کیلئے2 امیدوار