کراچی:پاکستان ریلوے کا مین شاہراہ فیصل پر کامیاب آپرشن،شاہراہ فیصل ڈرگ روڈ اسٹیشن کے نزدیک قبضہ مافیا کے خلاف کامیاب آپرشن کرتے ہوئے پٹرول پمپ کی زمین واگزار کروالی۔
مذکورہ پمپ کا مالک ایک طویل عرصے سے ریلوے کا نادہندہ تھا،جس پر کروڑوں روپے کے واجبات تھے۔ متعدد بار ریلوے حکام نے واجبات کی ادائیگی کے نوٹس بھی جاری کیئے تھے۔
آپرشن پاکستان ریلوے پولیس نے ڈی ایس کراچی ریلوے ارشد سلام خٹک کے احکامات پر کیاگیا۔ شاہراہ فیصل پر واقع ہونے کی وجہ سے واگزار کروائی گئی زمین کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔
زمین کا قبضہ لینے کے بعد وہاں ریلوے پولیس اہلکار تعینات کرکے داخلی اور خارجی راستوں پر باڑ لگادی گئی ہے۔ گزشتہ تین روز میں انسداد تجاوزات اور قبضہ مافیہ کے خلاف کراچی ریلوے کی یہ دوسری بڑی اور کامیاب کاروائی ہے۔
واضح رہے کہ سابقہ ادوار میں مذکورہ ریلوے اراضی سیاسی اور ذاتی مفادات کے لیے غیر قانونی طریقے سے لیز پر دی گئی تھی۔مگر اب وزارت ریلوے کے واضح احکامات کے بعد قبضہ کی گئی زمینوں کو واگزار کرانے کے لئے کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔