پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی بہادر خواتین کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے جن کے شوہر جدوجہدِ آزادئ کشمیر کے دوران راہِ حق میں شہید ہو گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ بیواؤں کے عالمی دن کے موقعے پر بہادر کشمیری خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جن کے شوہر حقِ خود ارادیت کی جدوجہد پر قربان ہو گئے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ شہید ہونے والے کشمیری مجاہد بھارتی قابض افواج کے ظلم و ستم کا شکار ہوئے، جبکہ ہم ان نیم بیواؤں کے عزم و استقلال کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جن کے خاوند بھارتی عقوبت خانوں میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔
بیواؤں کے عالمی دن پر بہادر کشمیری خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جن کے شوہرحق خود ارادیت کی جدوجہد پر قربان ہوگئے اور بھارتی قابض افواج کے ظلم و جبر کا شکار ہوئے۔ان نیم بیواؤں کے عزم واستقلال کو سلام جن کے خاوند بھارتی عقوبت خانوں میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنے ہوئےہیں۔
— Senator Shibli Faraz (@shiblifaraz) June 23, 2020
یاد رہے کہ وطنِ عزیز پاکستان سمیت دنیا بھر میں غربت، معاشی مسائل اور کسمپرسی کا شکار بیواؤں کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے۔
اگر کسی خاتون کا شوہر شادی کے کچھ عرصے بعد یا فوراً بعد ہی کسی حادثے یا کسی بیماری کے باعث جاں بحق ہوجائے تو اسے بیوہ کہتے ہیں جبکہ بیواؤں کا عالمی دن منانے کا مقصد بیواؤں کی مدد کیلئے شعور اجاگر کرنا ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان سمیت دُنیا بھر میں بیواؤں کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے