اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے مظلوم کشمیری اور فلسطینی عوام اور حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں مصروف رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج عالمی دن کے موقعے پر اپنے بیان میں ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ آج کا دن دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا ہے۔
اپنے بیان میں ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ ہم دہشت گردی سے متاثرہ تمام افراد بشمول مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں دہشت گردی کا شکار افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
بیان میں ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جو قربانیاں دیں، اتنی بڑی قربانی کی دنیا میں کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔
ترجمان دفترِ خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ دنیا بھر میں ہر قسم کی دہشت گردی قابلِ مذمت ہے۔سیکیورٹی فورسز نے ملک اور دنیا کی حفاظت کیلئے دہشتگردی کے خلاف جنگ کی۔
زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف 80 ہزار جانیں قربان کیں۔ پاکستان نے 2 دہائیوں پر محیط جنگ کے دوران دہشت گردی کے خلاف انتھک جدوجہد کی۔
خیال رہے کہ دہشت گردی سے متاثرہ افراد سے اظہارِ یکجہتی کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے، اقوامِ متحدہ نے عالمی برادری سے نفرت پر مبنی جرائم میں کمی لانے اور بین المذاہب ہم آہنگی میں اضافے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2 برس قبل مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد اور دہشت گردی کا شکار بننے والوں کی یاد میں اور متاثرہ افراد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے عالمی دن منانے کی منظوری مئی کے دوران دی۔
مزید پڑھیں: دہشت گردی سے متاثرہ افراد سے اظہارِ یکجہتی کا عالمی دن