پاک بحریہ کے زیر انتظام عالمی یوم ماحول منایا گیا، جس کا مقصد ماحول کی اہمیت اور تحفظ خصوصا بحری ماحول کے حوالے سے آگہی پیدا کرنا تھا۔
عالمی یوم ماحولیات ہر سال اقوام متحدہ کے زیر انتظام صحت مند اور سرسبز ماحول کی اہمیت کے بارے میں آگہی اجاگر کرنے کے لئے منایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد ایسے ماحولیاتی اقدامات کو اجاگر کرنا ہے جن کے ذریعے موجودہ اور بالخصوص آئندہ نسلوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے۔
اس سال ماحول کے عالمی دن کا موضوع ” صرف ایک زمین” ہے اور اس زمین کی خاطر فطرت سے ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر پالیسیوں میں تبدیلی اور سرسبز و شاداب اور پائیدار طرز زندگی کے فروغ کے لیے جدوجہد کی ضرورت ہے۔
پاک بحریہ ماحول کا عالمی دن تسلسل کے ساتھ مناتی ہے، اس عزم کے اعادہ اور ماحول کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے متعدد لیکچرز منعقد کیے گئے۔ مزید برآں پاک بحریہ نے ماحول کے تحفط کے لیے متعدد اقدامات کیے جن میں مینگرووز اور شجرکاری کی مہمات ، پولیتھین بیگز کے استعمال پر پابندی اور ہاربر میں سالڈ ویسٹ کو جمع کرنا شامل ہے۔