جنوبی افریقہ کے خلاف 20رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

جنوبی افریقہ کے خلاف 20رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا
جنوبی افریقہ کے خلاف 20رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا

کراچی:قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے بیس رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ اعلان کردہ اسکواڈ میں 9 کھلاڑی ایسے ہیں جو اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکے۔

دونوں ٹیموں کے مابین 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 26 جنوری سے کراچی میں ہوگا۔ ٹیسٹ سیریز میں شرکت کی غرض سے قومی اسکواڈ 19 جنوری کو بائیو سیکیور ببل میں داخل ہوگا جبکہ 16 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل کردیا جائے گا۔

قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے گئے 9 نئے کھلاڑیوں میں اوپنرز عبداللہ شفیق اور عمران بٹ کے علاوہ مڈل آرڈر بیٹسمین کامران غلام، سلمان علی آغا اور سعود شکیل سمیت اسپنرز نعمان علی، ساجد خان، فاسٹ باؤلرز تابش خان اور حارث رؤف شامل ہیں۔ان کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی بدولت قومی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

آلراؤنڈر حسن علی کی دو سال بعد قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ قائداعظم ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر آل راؤنڈر حسن علی کو ٹورنامنٹ اور فائنل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

اس سے قبل 9 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے حسن علی نے آخری مرتبہ جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

انہوں نے قائداعظم ٹرافی میں 43 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 273 رنز بھی بنائے تھے۔ ایونٹ کے فائنل میں 129 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے حسن علی نے دوسری اننگز میں 106 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں کم بیک کرنے والے دوسرے کھلاڑی محمد نوازہیں، جنہوں نے قائداعظم ٹرافی میں 744 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 22 وکٹیں اپنے نام کیں۔ انہوں نے ایونٹ کے دوران دو مرتبہ ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے آخری مرتبہ 2016 شارجہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

اعلان کردہ بیس رکنی اسکواڈ میں دو آلراؤنڈرز محمد نواز اور فہیم اشرف کے علاوہ کُل تین اوپنرز، چھ مڈل آرڈر بیٹسمین، دو وکٹ کیپرز، تین اسپنرز اور چار فاسٹ باؤلرز شامل ہیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے حارث سہیل، محمد عباس، شان مسعود اور ظفر گوہر کو قومی ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کردیاگیا ہے۔

حارث سہیل، محمد عباس اور شان مسعود کو نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹرلاہور میں طلب کرلیا گیا ہے، این ایچ پی سی کے کوچزان تینوں کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیوں پر ان کے ساتھ کام کریں گے۔

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے ظفر گوہر سلیکٹرز کے طویل مدتی پلانزکا حصہ ہیں تاہم فی الحال ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار لانے کے لیے انہیں بھی نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے کوچز کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوجوان فاسٹ باؤلرنسیم شاہ کی جانب سے ہیمسٹرنگ میں کھچاؤ کی شکایت کرنے پر ان کا نام سلیکشن کے لیے زیرغور نہیں لایا گیا۔ وہ جلد نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں اپنے ری ہیب پروگرام کا آغاز کردیں گے۔

جنوبی افریقا کے خلاف اعلان کردہ 20 رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان)، عابد علی، اظہرعلی، فواد عالم، عمران بٹ، عبداللہ شفیق، کامران غلام، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، فہیم اشرف، یاسر شاہ، شاہین آفریدی، محمد نواز، نعمان علی، ساجد خان، یاسر شاہ، حارث رؤف، حسن علی، تابش خان۔

Related Posts