پاکستان نے سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل اور کرکٹ کی دُنیا میں ہمسایہ ملک بھارت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل میں بھارت کو پیچھے چھوڑ کر تیسرے نمبر پر آگیا جبکہ بھارت چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان نے یہ مقام رواں برس اکتوبر اور نومبر کے دوران حاصل کیا۔
رواں برس پاکستان نے ہوم سیریز میں زمبابوے کو شکست دے کر تیسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا جبکہ پانچ بار ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلین کرکٹ ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں پہلے نمبر پر براجمان ہے۔
ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں بھارت کو شکست دینے کے بعد آسٹریلین ٹیم پہلے نمبر پر پہنچی جبکہ موجودہ ورلڈ چیمپین انگلنڈ ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے فرق سے دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کیلئے 13 ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر موجود 7 ٹیمیں 2023ء کے آئی سی سی ورلڈ کپ میں براہِ راست شرکت کی اہل قرار دی گئی ہیں۔ باقی 6 ٹیموں کو ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائنگ میچز کھیلنا ہوں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت اگر پوائنٹس ٹیبل پر کسی بھی پوزیشن میں آجائے، بھارتی ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ میں آسانی سے شریک ہوسکے گی کیونکہ بھارت ہی آئی سی سی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا میزبان ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی لنکن پریمیئر لیگ ادھوری چھوڑ کر وطن واپسی کیلئے روانہ