کراچی: پاکستان نے ٹیکنالوجی کے شعبے میں خود کفالت کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پہلا مقامی طور پر تیار کردہ وینٹی لیٹر متعارف کرا دیا، اس وینٹی لیٹر کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے لانچ کیا۔
یہ کامیابی ایک نجی کمپنی نے حاصل کی جو پاکستان کے جدت طرازی کے شعبے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور اُڑان پاکستان منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد مقامی ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے۔
تقریب کے دوران احسن اقبال نے وینٹی لیٹر تیار کرنے والی کمپنی کی تعریف کی اور اسے اُڑان پاکستان کا ہیرو قرار دیا۔ انہوں نے ایسے مزید منصوبوں پر زور دیا جو پاکستان کو عالمی مسابقت میں آگے بڑھنے میں مدد دیں۔
احسن اقبال نے پاکستان کے حوالے سے موجود منفی تاثر پر بات کی اور کہا کہ ملک کے محنتی عوام کے باوجود بعض عناصر نے اس کی عالمی شبیہ کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی آزادی کی 100ویں سالگرہ (2047) کے پیش نظر ملک کے مستقبل کو سنوارنے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔
تصویروں سے ڈانس کروائیں یا بول کر ویڈیو بنوائیں، اس جدید ٹیکنالوجی سے سب ممکن!
انہوں نے چوتھے صنعتی انقلاب اور نئی ٹیکنالوجیز کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر جدت طرازی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان آئندہ دو دہائیوں میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنے حریفوں سے آگے نکلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیر منصوبہ بندی نے پالیسی کے تسلسل اور طویل مدتی اصلاحات کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی اور جاپان اور جنوبی کوریا جیسے کامیاب ممالک کی مثالیں دیں۔
انہوں نے پاکستان کی برآمدات کو آئندہ 8-9 سالوں میں 30 ارب ڈالر سے بڑھا کر 100 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا اور نجی شعبے خاص طور پر زراعت اور صنعت، کو اس کوشش کی قیادت کرنے کی ترغیب دی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی معیشت کا مستقبل جدت طرازی، کاروباری مواقع، اور برآمدات پر مبنی ہوگا۔ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کو اپنانے کی ترغیب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ عالمی سطح پر مسابقت کے لیے ضروری ہے۔