اسلام آباد: پاکستان میں سیلاب کے باعث 481 ارب سے زائد کی فصلیں اور اجناس تباہ ہوئی ہیں، زراعت کو پہنچنے والے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بارشوں اور سیلاب کے باعث اربوں روپے کی فصلیں، فروٹ، سبزیاں اور دیگر اجناس تباہ ہوئیں۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق نقصانات کا کل تخمینہ 481ارب لگایا گیا ہے۔ سیلاب سے کپاس، چاول، مکئی، دالوں اور سبزیوں کو نقصان پہنچا۔
آٹے کے بحران کا خطرہ ٹل گیا، سندھ حکومت کو 5 لاکھ ٹن گندم موصول
ابتدائی رپورٹ کے مطابق آلو، پیاز، ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کے علاوہ پھلوں کو بھی سیلاب اور بارش کے نتیجے میں کافی نقصان پہنچا۔ گنا، گندم، مرچ، تمباکو، سیب، انگور، انار، لہسن اور دیگر فصلیں تباہ ہوگئیں۔ آئل سیڈ، جوار، باجرہ اور خربوزے کی فصل کو نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق سیلاب اور بارشوں کے باعث 239 ارب 41کروڑ 64 لاکھ روپے کی کپاس، 70 ارب 89 کروڑ 44 لاکھ روپے کی چاول، 31 ارب 91 کروڑ 46 لاکھ روپے کی پیاز، 23 ارب 78 کروڑ 70 لاکھ روپے کی کھجور کی فصل تباہ ہوگئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ بارش اور سیلاب کے باعث 12ا رب 56 کروڑ 56 لاکھ روپے کی انار، 13 ارب 59 کروڑ 60 لاکھ روپے کی ٹماٹر، 20 ارب 56 کروڑ 26 لاکھ روپے کی گنے، 15 ارب 45 کروڑ 50 لاکھ روپے کی مرچ کی فصل خراب ہو گئی۔
بارش اور سیلاب کے باعث 8 ارب 8 کروڑ 50 لاکھ روپے کی سبزیاں خراب ہوئیں۔ 1 ارب 1 کروڑ 51 لاکھ روپے کی دال مونگ، 75 کروڑ 51 لاکھ روپے کی دال ماش خراب ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں اور سیلاب سے پاکستان کی 481ارب سے زائد کی فصلیں تباہ ہوئیں۔