اسلام آباد:امریکا کی جانب سے ترکی پر عائد کی گئی پابندیوں پر پاکستان کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان نے ترکی پر عائد کی گئی پابندیوں کو مسترد کردیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق امریکا اور ترکی کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی اور عائد کردہ پابندیوں کے بعد پاکستان کی جانب سے اس معاملے پر ردعمل کا اظہار کیا گیا۔
پاکستان نے امریکا کی یکطرفہ پابندیاں مسترد کرتے ہوئے ترکی کی حمایت کی ہے۔ پاکستان نے امریکا کی ترکی پر عائد کردہ پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قومی سلامتی، امن و خوشحالی کی جدوجہد میں ترک عوام کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
اس حوالے سے بدھ کے روز ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کے ترکی پر پابندیاں عائد کرنے پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کسی ملک کیخلاف یکطرفہ اقدامات کومسلط کرنے کی مخالفت کرتا ہے۔ پاکستان علاقائی،عالمی امن کیلئے ترکی کے انمول کردار کو سراہتا ہے۔ پاکستان نے زور دیا ہے کہ تمام امور کا حل بات چیت، سفارتکاری اور افہام وتفہیم میں پوشیدہ ہے۔
واضح رہے کہ ترکی کی جانب سے اپنی دفاعی ضروریات کیلئے روس سے ایس یو 400 میزائل دفاعی نظام خریدا گیا ہے، جس پر امریکا کی جانب سے شدید ناراضگی کا اظہار کیا گیا۔
پاکستان قومی سلامتی، امن و خوشحالی کی جدوجہد میں ترک عوام کی حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور ہمیشہ مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے ترکی کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
ترکی کے اسی اقدام کی وجہ سے امریکا نے گزشتہ روز اپنے اس نیٹو اتحادی پر تجارتی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا۔ ان پابندیوں کو ترکی مسترد کر چکا، جبکہ روس، ایران اور پاکستان نے امریکا کی پابندیاں مسترد کرتے ہوئے ترکی کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔