پاکستان کو سفارتی محاذ پر ایک اور کامیابی ملی ہے، اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کے لیے پاکستان کو 154 ووٹوں سے رکن منتخب کر لیا گیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کے رکن کے انتخابات گزشتہ روز فرانس کے شہر پیرس میں منعقد ہوئے۔ دفترِ خارجہ بیان کے مطابق انتخابات میں پاکستان نے 154 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
ترجمان دفترِ خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ یہ بین الاقوامی برادری کا پاکستان پر اعتماد ہے جبکہ پاکستان نے یونیسکو کے اہم کاموں میں ہمیشہ اعانت کی، جس پر 154 ممالک نے ہمارے حق میں ووٹ دیا۔
یاد رہے کہ آج اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی قرارداد کو 81 ممالک کی حمایت حاصل ہوئی، مستقل مندوب نے حقِ خود ارادیت پر پاکستان کی طرف سے قرارداد پیش کی جسے اتفاقِ رائے سے منظور کر لیا گیا۔
سفارتی محاذ پر پاکستان کو ایک اہم کامیابی ملی ہے جبکہ مستقل مندوب منیر اکرم کی طرف سے پیش کی جانے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حقِ خود ارادیت نو آبادیاتی تسلط میں پھنسے عوام کا بنیادی حق ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق جارحیت کے خلاف حقِ خود ارادیت غیر ملکی قبضے کا شکار افراد کا حق ہے، جبکہ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ حقِ خود ارادیت کا مطالبہ کیا جائے تو اس کی مدد عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔
مزید پڑھیں: اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی قرارداد 81 ممالک کی حمایت سے منظور