اسلام آباد:پاکستان نے امریکہ کی جانب سے جمہوریت کے عنوان پر منعقد کی جانے والی سمٹ میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈیموکریسی ورچوئل سمٹ 9 اور 10 دسمبر کو منعقد ہوگی، امریکا کی جانب سے سمٹ میں شرکت کے لئے چین اور روس کو دعوت نامہ نہیں بھیجا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم سمٹ برائے جمہوریت میں شرکت کے لیے پاکستان کو مدعو کرنے پر امریکا کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بڑی فعال جمہوریت ہے جس میں ایک آزاد عدلیہ، متحرک سول سوسائٹی اور آزاد میڈیا ہے۔ ہم جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے، بدعنوانی کے خاتمے اور تمام شہریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ ہم متعدد مسائل پر امریکا کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ ہم مستقبل میں مناسب وقت پر اس موضوع پر ساتھ ہو سکتے ہیں۔ اس دوران پاکستان مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے بات چیت، تعمیری کردار اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حالیہ برسوں میں پاکستان نے ان اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے وسیع پیمانے پر اصلاحات کا آغاز کیا ہے۔ ان اصلاحات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹیکنالوجی پر منحصر مستقبل کی جنگوں کے لیے تیار رہنا از حد ضروری ہے، عسکری قیادت