وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسلح افواج کی 23 مارچ کو ملتوی کی گئی یومِ پاکستان پریڈ آج شروع ہو گئی ہے، تقریب میں پاکستان کی سول اور فوجی قیادت کے علاوہ غیر ملکی شخصیات بھی شریک ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے شکرپڑیاں میں یومِ پاکستان کی پریڈ میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وفود بھی شریک ہیں۔ پاک فضائیہ کے طیارے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کریں گے۔
پریڈ کی خصوصی تقریب میں شرکت کیلئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیرِ دفاع پرویز خٹک بھی شریک ہیں۔ کورونا میں مبتلا وزیرِ اعظم عمران خان قرنطینہ کے باعث پریڈ میں شریک نہ ہوسکے۔
خصوصی تقریب میں شرکت کیلئے صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو صدارتی پروٹوکول کے ساتھ پریڈ میں لایا گیا اور قومی ترانہ بجا کر تینوں مسلح افواج نے صدرِ مملکت کو سلامی پیش کی۔ وفاقی وزراء بھی پریڈ کی تقریب میں شریک ہیں۔
قبل ازیں موسم کی خرابی کے باعث یومِ پاکستان کی 23 مارچ کو شیڈول کی گئی پریڈ ملتوی کردی گئی تھی۔ پریڈ میں ملک کے تمام صوبوں کی ثقافت کی جھلک نظر آتی ہے۔ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی فورسز پریڈ میں شریک ہیں۔
تقریب میں بابائے پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح اور شاعرِ مشرق علامہ اقبال سمیت ملک کے قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ جدید ہتھیاروں سے لیس پاکستان کی باصلاحیت فوج جنگی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔
یومِ پاکستان پریڈ کے موقعے پر راولپنڈی اسلام آباد میں آج 25 مارچ کے روز مقامی تعطیل ہے۔ سیکیورٹی مقاصد کے پیشِ نظردن 2 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی۔ پریڈ کی تقریب ملک کے تمام نیوز چینلز پر براہِ راست دکھائی جارہی ہے۔
Pakistan Day Parade – March 2021 https://t.co/3xZFDECpOH
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) March 25, 2021
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا کہ 23 مارچ کو ہونے والی پریڈ 25 مارچ کو ہو گی۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق خراب موسم کی وجہ سے پریڈ 2 روز کے لیے ملتوی کی گئی تھی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ محکمۂ موسمیات کی جانب سے 23 اور 24 مارچ کوبارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: 23مارچ کی پاکستان ڈے پریڈ 2 روز کے لیے ملتوی ہوگئی۔آئی ایس پی آر