اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی طور پر قبضہ کئے گئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مزید پانچ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی قابض افواج کے بین الاقوامی احتساب کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا۔
ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے کہا کہ دہشت گردی کے اپنے بے لگام دور میں، بھارتی قابض افواج نے صرف جنوری کے مہینے میں کم از کم 23 کشمیریوں کو جعلی مقابلوں اور نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں میں شہید کیا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری سے بھی اپنے مطالبے کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہندوستان کو بغیر کسی تاخیر کے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی اس کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں اور انسانیت کے خلاف جرائم کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
عالمی برادری کو غیر قانونی قبضے کے تحت محصور کشمیریوں پر اس بے رحمانہ جبر و ستم کو روکنے کے لیے اقدام کرنا چاہیے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ہم ایک مبینہ ”پاکستانی” مزاحمتی جنگجو کے قتل کی نشاندہی کرنے والے بھارتی حکام کے جھوٹ کو بھی مسترد کرتے ہیں اور اس کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی قابض افواج مالیاتی انعامات یا ‘بہادری’ کے تمغے حاصل کرنے کی کوششوں میں بے گناہ کشمیریوں کو قتل کرنے کے لیے جانی جاتی ہیں، اور دعویٰ کرتے ہیں کہ شہید ہونے والے ”مبینہ عسکریت پسند” تھے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے عزم سلام پیش کرتا ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے جائز حق خودارادیت کے لیے اپنی ”منصفانہ اور پرامن جدوجہد” میں ثابت قدم رہے۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی دہشت گردی، مزید 5 کشمیری نوجوان شہید