اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں بی جے پی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر مظاہرے کرنے والے بھارتی مسلمانوں پر پولیس کے تشدد کی مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بی جے پی حکومت نے بھارت کی مختلف ریاستوں میں گستاخانہ بیان پر مظاہرہ کرنے والے مسلمانوں پر تشدد کیا۔ دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے وسیع پیمانے پر طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جس کے نتیجے میں 2 مسلمان مظاہرین جاں بحق جبکہ 13 شدید زخمی ہوئے۔
سیاسی انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے متحد ہونا ہوگا۔وزیر اعظم
اپنے بیان میں دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ رانچی شہر میں نہتے مظاہرین پر بھارتی فورسز نے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کی فوٹیج خوفناک اور ناقابلِ یقین ہے۔ اتر پردیش میں مظاہرہ کرنے پر اب تک 227 افراد گرفتار کیے جاچکے ہیں، جو ظلم ہے۔
بیان میں ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ بھارت کی ہندوتوا سے متاثرہ جابر حکومت اقلیتوں اور خاص طور پر مسلمانوں کو شیطانی کارروائیوں کا نشانہ بنانے اور ان پر ظلم کرنے میں ملوث ہے۔ پاکستان بھارتی مسلمانوں سے شرمناک سلوک کی مذمت کرتا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان آزمائش کی اس گھڑی میں بھارتی مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ تشویشناک بات یہ ہے کہ بی جے پی عہدیداران نے توہین آمیز ریمارکس دئیے جس کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی۔ پھر بھی بھارت آر ایس ایس نظریات پر قائم ہے۔