اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ افغانستان میں قیام امن پورے خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے ناگزیر ہے،آپ جیسے وسیع تجربہ کے حامل سفارت کار کی بطور سفیر تعیناتی سے پاک افغان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔
افغانستان کیلئے نامزد پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں پاک افغان تعلقات، افغان امن عمل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے بطور سفیر افغانستان نامزدگی پر منصور احمد خان کو مبارکباد دی۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ آپ کو یہ نئی ذمہ داریاں، آپ کے شاندار سروس ریکارڈ کو پیش نظر رکھتے ہوئے سونپی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں قیام امن پورے خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے ناگزیر ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ آپ ایسے وقت میں بطور سفیر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے جا رہے ہیں جب پاکستان کو داخلی اور خارجی طور پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ آپ جیسے وسیع تجربہ کے حامل سفارت کار کی بطور سفیر تعیناتی سے پاک افغان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔وزیر خارجہ نے نئے نامزد سفیر کو پیشہ ورانہ امور اور فارن پالیسی ترجیحات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں۔
نامزد سفیر برائے افغانستان منصور احمد خان نے وزیر خارجہ کی طرف سے کی طرف سے دی جانے والی خصوصی ہدایات پر، ان کا شکریہ ادا کیا،منصور احمد خان اس سے قبل ویانا میں بطور سفیر اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔