برمنگھم: پاکستان لیجنڈز نے چوتھے میچ میں انگلینڈ کو بھی شکست دیکر ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہ کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
یونس خان کی انجری کی وجہ سے مصباح الحق نے پاکستان ٹیم کی قیادت کی، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔
پاکستان کی اوپننگ جوڑی کامران اکمل اور شرجیل خان بھارت جیسا نمونہ پیش کرنے میں ناکام رہے ۔کامران 11،شرجیل 13 بناسکے، صہیب مقصود نے 64، شعیب ملک نے 51، مصباح الحق نے 23 اور عبدالرزاق نے 20 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی طرف سے اسٹورٹ میکرنے 2، کرس شوفیلڈ اور ڈیرن میڈی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 17 ویں اوور میں 117 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر فل مسٹرڈ نے سب سے زیادہ 30 رنز بنائے، کیون پیٹرسین 2، آئی این بیل 11، کیون او برائن 24، اویس شاہ 3، عثمان افضل 9، الی براؤن 11، ڈیرن میڈی4، کرس شوفیلڈ5، رائن سائیڈ باٹم 3 اور اسٹورٹ میکر 3 رنز بناسکے۔
پاکستان کے نامور اسپنر سعید اجمل نے 3، عبدالرزاق نے 2، سہیل خان، عامر یامین اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ شعیب ملک کو شاندار نصف سنچری اور ایک وکٹ لینے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے، پاکستان نے انگلینڈ سے پہلے آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور بھارت کو شکست دی، پاکستان 8 پوائنٹس کے ساتھ اب تک سرفہرست ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ہمیشہ میگا ایونٹس میں مشکل سے دوسرے مرحلے میں پہنچتا ہے، حال ہی میں ہونیوالے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم پہلے راؤنڈ میں باہر ہوگئی تھی، لیجنڈز لیگ میں پاکستان ٹیم کی شاندار پرفارمنس نے شائقین کے دل جیت لئے ہیں۔