راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چوکی کو نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا ہے۔
فوج کے میڈیا ونگ کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے “گھیروم” میں سیکورٹی فورسز کی ایک پوسٹ کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔ فوجیوں نے حملے کا فوری جواب دیا تاہم سپاہی محمد عامر اقبال فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہو گئے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ 2 اکتوبر کو فرنٹیئر کور (ایف سی) کے چار سپاہیوں اور ایک لیویز سب انسپکٹر نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کے ٹارگٹڈ حملے کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت فرمایا تھا۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ شمالی وزیرستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کی مجلس شوریٰ کے سربراہ کمانڈر حافظ گل بہادر کی قیادت میں 20 دن کی جنگ بندی کے اعلان کے ایک دن بعد پیش آیا ہے۔
30 ستمبر کو فوج کا ایک کپتان شہید اور کالعدم تحریک طالبان کا ایک کمانڈر ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلع ٹانک میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن (آئی بی او) میں مارا گیا۔
آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کا دہشت گرد کمانڈر خواجہ دین عرف شیر خان مارا گیا ہے۔ فوج کے میڈیا ونگ نے مزید کہا تھا کہ دہشتگردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک کو نقصان پہچانے والوں سے بات نہیں ہوگی، شیخ رشید احمد