اسلام آباد:کورونا وائرس کے دوران پی آئی اے کی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا پی آئی اے عملے کا پروازوں کے دوران کرونا کا شکار ہونے پر ملک بھر کے سی ایم ایچ میں علاج کرانے کا اعلان۔
پی آئی اے کے عملے کاملک بھر میں قائم کمبائنڈ ملٹری اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز میں علاج ہوگا،اس دوران سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پی آئی اے کے عملے کو پروازوں پر پہنچانے کیلئے سی 130 کارگو طیاروں میں نشستیں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ اس مصیبت کی گھڑی میں تمام ملک اداروں کا باہم تعاون قومی طاقت کا سبب بنتا ہے۔پی آئی اے دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے خطروں کی باوجود پروازیں چلا رہا ہے
سی ای او ارشد ملک نے کہا کہ ابھی تک 24 ہزار سے زائد افراد پی آئی اے کے ذریعہ واپس اپنے گھروں کو پہنچ چکے ہیں ہزاروں لوگوں کی فریادیں ہمیں موصول ہوئی ہیں جو ابھی بھی پی آئی اے کے منتظر ہیں۔
ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے آخری پاکستانی کی وطن واپسی تک حکومت کی اجازت سے آپریشن جاری رکھے گا۔پی آئی اے ان اپنوں کے جسد خاکی کو بھی وطن واپس پنچائے گا جو کہ دیار غیر میں اپنی آخری سانسیں لے چکے ہیں۔
ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی خصوصی کاوشیں اور قائدانہ صلاحیتیں اس قومی خدمت میں ہمارے ساتھ شامل حال ہیں،ہمیں اس مشن میں تمام حکومتی حلقوں اور قومی اداروں کی مکمل مدد حاصل ہے جس کیلئے ہم سب کے خلوص دل سے شکر گزار ہیں۔