پاکستان اورسری لنکا کا دفاع و سلامتی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Pakistan SriLanka

اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان کے دورہ سری لنکا کے موقع پر پاک سری لنکا 21 نکاتی مشترکہ اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ دونوں ممالک نے مسلسل ملاقاتوں، وفود کی سطح پر مشاورتی اجلاس منعقد کرنے اور جامع انداز میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے ۔

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم مہندا راجہ پاکسے کی دعوت پر سری لنکا کا دو روز کا سرکاری دورہ کیا،وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وفاقی وزراء اور اعلی سرکاری حکام پر مشتمل وفد بھی تھا ،دونوں وزراء اعظم کی اپنے اپنے ملک میں حکومت کی تشکیل کے بعد یہ پہلی ملاقات تھی جو دونوں ممالک کے عوام میں گہرے اور بااعتماد تعلقات کا مظہر ہے۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا سری لنکا میں وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے ارکان نے پرتپاک خیرمقدم کیا،وزیراعظم عمران خان نے دورہ کے دوران سری لنکا کے صدر گوتابایا پاکسے اور وزیر اعظم مہندا راجا پاکسے سے ملاقاتیں کیں اور وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی،دونوں ممالک نے کثیر الجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم عمران خان کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور خیرسگالی پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں مدد ملی ۔ اعلامیہ کے مطابق مشترکہ اقتصادی کمیشن اور تجارت کے سیکریٹریوں کی سطح پر منعقدہ حالیہ اجلاسوں میں تعین کردہ شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر خاص طور پر غور کیاگیا ۔

دونوں ممالک کا مسلسل ملاقاتوں، وفود کی سطح پر مشاورتی اجلاس منعقد کرنے اور جامع انداز میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ۔وزیراعظم عمران خان نے پرامن ہمسائیگی کے وژن کے تحت سری لنکا کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے پاکستان کی طرف سے حمایت کا اعادہ کیا ۔

دونوں ممالک نے ثقافتی روابط، افرادی قوت کی ترقی وتربیت، تعلیمی و فنی شعبہ جات میں استعداد کار بڑھانے کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔پاکستان کی جانب سے 100 وظائف (ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس) کا اعلان کیا گیا ،یہ تعلیمی وظائف پاکستان سری لنکا ہائیر ایجوکیشن کوآپریشن پروگرام کے تحت دئیے جائیں گے ۔

سری لنکا کی جانب سے افرادی قوت کی ترقی اور استعداد کار میں اضافے کے لئے پاکستان کے تعاون کو سراہا گیا ،مذہبی سیاحت کی موجودہ صلاحیت کو بھرپور طور پر بروئے کار لانے، اس شعبے میں تربیت اور استعداد کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،پاکستان نے ایشیائی تہذیب و تمدن ثقافتی مرکز قائم کرنے کا اعلان کیا ۔اعلامیہ کے مطابق ایشین سویلائیزیشن اینڈ کلچر سینٹر پرادینیا یونیورسٹی کینڈی میں قائم کیا جائے گا ۔

اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے سیاحت، تجارت، ثقافت اور عوامی سطح پر رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا ،پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو طرفہ تجارت ایک ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے پر زور، تجارت اور سرمایہ کاری کانفرنس کے مشترکہ انعقاد کا خیر مقدم کیا گیا ،پاکستان سری لنکا نے آزادانہ تجارتی معاہدے کو وسعت دینے اور گہرا کرنے کے لئے کام کرنے پر اتفاق کیا۔

مزید پڑھیں: جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، تجارت سے غربت ختم کرسکتے ہیں، وزیراعظم عمران خان

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مفاہمت کی پانچ یاداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے ،یاداشتوں میں دوطرفہ سرمایہ کاری کے فروغ ، سری لنکا انٹرنیشنل سینٹر برائے کیمیکل اینڈ بائیو لوجیکل سائنسز اور کراچی یونیورسٹی جبکہ انڈسٹریل انسٹی ٹیوٹ آف سری لنکا اور کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں تعاون شامل ہے ،یونیورسٹی آف کولمبو سری لنکا اور لاہور اسکول آف اکنامکس کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔

وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعظم مہندا راجہ پکسے نے سری لنکا پاکستان پارلیمانی فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کی تشکیل نو پر اتفاق کیا گیا ،دونوں ممالک نے پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا ،دونوں ممالک نے دفاع کے شعبے میں موجودہ تعاون پر اطمنان کا اظہار کیا ،وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کو 50 ملین ڈالر ڈیفنس کریڈٹ لائن کی نئی فسیلیٹی دینے کا اعلان کیا ۔

دونوں ممالک نے سلامتی، انسداد دہشت گردی، منظم جرائم اور منشیات جیسے معاملات میں تعاون کو فروغ دینے اور انٹیلی جنس شیئرنگ مظبوط بنانے پر زور دیا ،وزیراعظم عمران خان نے اسپورٹس ڈپلومیسی کی کوششوں کو تقویت دینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی اور سری لنکا کی سپورٹس کمیونٹی کے ساتھ بات چیت کی،سری لنکا کے وزیر کھیل نمل راجہ پاکسے نے پارلیمنٹ کے اسپیکر مہندا یاپا ابیوردنے کولمبو میں عمران خان ہائی پرفارمینس سپورٹس سینٹر کے قیام کا اعلان کیا۔

پاکستان نے سری لنکا میں کھیلوں کے فروغ کے لیے 52 ملین روپے دینے کا اعلان، اس میں تربیت اور آلات کی خریداری شامل ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے خطے کی خوش حالی کے لئے سارک چارٹر کے ساتھ وابستگی کے عزم کا اعادہ، سارک عمل کو آگے لیجانے اور علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ۔

دونوں ممالک نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا،وزیراعظم عمران خان نے عالمی جواز کے مطابق متنازعہ معاملات کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا ،وزیراعظم عمران خان نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے خطے میں معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے امکانات پر روشنی ڈالی ،کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

سری لنکا نے کورونا وباء کے دوران پھنسے ہوئے سری لنکا کے باشندوں کی وطن واپسی میں بھرپور تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا،سری لنکا کے وزیراعظم نے سری لنکا کی خود مختاری، آزادی اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ میں مدد پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا،وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کے صدر اور وزیر اعظم کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی،وزیراعظم عمران خان نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم مہندرا راجہ پاکسے کا شکریہ ادا کیا۔

Related Posts