راولپنڈی ٹیسٹ کیلئے پاکستان اور بنگلہ دیش کے میچ سے قبل بارش کے باعث ٹاس تاجیر کا شکار ہوگیا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کھیلے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جس سے قبل صبح سویرے ہونے والی بارش نے کھیل سے قبل ہونے والے ٹاس کو تاخیر کا شکار کردیا۔ راولپنڈی میں تیز اور موسلا دھار بارش کے باعث کرکٹ کا میدان بھیگ گیا۔
ہیڈ کیوریٹر ٹونی ہیمنگ اور امپائرز پچ پر موجود ہیں۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ پر گراؤنڈز مین نے کورز ہٹانے کا کام شروع کردیا، جس کے بعد میچ کا آغاز کرنے لیے انسپکشن ہوگی۔ قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 4فاسٹ بولرز لانے کا فیصلہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی فائنل الیون میں کپتان شان مسعود کے علاوہ سعود شکیل، بابر اعظم، عبداللہ شفیق، محمد علی، خرم شہزاد، نسیم شاہ، محمد رضوان، سلمان آغا، صائم ایوب اور شاہین شاہ آفریدی کے نام شامل ہیں۔
شان مسعود پہلی بار ہوم سیریز میں بطور کپتان قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ آج ہونے والے ٹیسٹ میچ کے متعلق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ہوم گراؤنڈ پر بنگلہ دیش کے خلاف میچ جیتنے کیلئے فیورٹ ہے۔