اسلام آباد: ملکی دفاع میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پاکستان کو جے ایف 17 ڈبل سیٹ طیارے آج مل جائیں گے جبکہ پاک فضائیہ میں بلاک 3 کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی فضائیہ نے اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے فضائی بیڑے میں جے ایف 17 ڈبل سیٹ طیارے شامل کر لیے ہیں جبکہ پاک فضائیہ کا بلاک 3 بھارتی رافیل طیاروں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا حامل ہے۔
پاک چین تعاون سے تیار کردہ جے ایف 17 ڈبل سیٹ طیارے آج پاکستان کا عظیم دوست ملک چین پاک فضائیہ کے حوالے کرے گا جس کی تقریب آج منعقد ہوگی۔ ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ ڈبل سیٹ طیاروں کو جوانوں کی تربیت کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
بلاک 3 فورتھ جنریشن کے لڑاکا طیارے ہیں جو پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے کا حصہ بنیں گے، فورتھ جنریشن طیارے امریکی ایف 16، اے 18، ایف 15 اور روسی سخوئی 27 ، فرانسیسی معراج 2000 جیسے اہم طیاروں سے کارکردگی میں بہتر ہیں۔
بھارتی رافیل طیارے کے مقابلے میں پاک فضائیہ بلاک 3 کے انجنز کو زیادہ طاقتور قرار دیا گیا ہے جو آواز کی دو گنا سے زیادہ رفتار سے پرواز کرتے ہیں جن کا مادہ ہلکا مگر مضبوط اور مستحکم ہے۔
فورتھ جنریشن طیارے جو پاک فضائیہ کے بلاک 3 میں شامل ہیں، دشمن کے ریڈار سے بچنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں جن میں جدید ترین راڈار (اے ای ایس اے راڈار) موجود ہے جسے جام کرنا بے حد مشکل ہے۔
دوسری جانب پائلٹ کیلئے جو ہیلمٹ تیار کیا گیا ہے وہ بھی جدید ٹیکنالوجی کا شاہکار قرار دیا گیا ہے۔ ہیلمٹ کے استعمال سے طیارے کے بہتر استعمال اور تھیاروں پر زبردست کنٹرول کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فضائیہ کے سربراہ سپاہیوں کے قابلِ تقلید سربراہ ہیں۔گلوکار فخرِ عالم