راولپنڈی: پاک فوج فیفا ورلڈ کپ کیلئے سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھالے گی، پاکستان آرمی کا چاک و چوبند دستہ حفاظتی انتظامات کی غرض سے قطر روانہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے قطر کی درخواست پر فیفا ورلڈ کپ کی سکیورٹی میں معاونت کی ذمہ داری قبول کر لی۔ پاک فوج کا آرمی افسران، جونیئر کمیشنڈ آفیسرز اور جوانوں پر مشتمل دستہ دوحہ کی جانب روانہ ہوگیا۔
ویمن ایشیا کپ، بنگلہ دیش اور سری لنکا کا میچ بارش کے باعث تعطل کا شکار
قبل ازیں پاک فوج کے منتخب افسران اور جوانوں پر مشتمل دستے کو فیفا ورلڈ کپ کی سکیورٹی کے متعلق تربیت دی گئی۔ سکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں قطری وزارتِ داخلہ کا 4رکنی وفد 2 ماہ قبل پاکستان پہنچا تھا۔
بعد ازاں گزشتہ ماہ ستمبر کے دوران 8 رکنی بین الاقوامی فیفا ٹریننگ ٹیم بھی پاکستان پہنچی۔ خیال رہے کہ فٹبال کے عالمی فیفا ورلڈ کپ مقابلے قطر میں آئندہ ماہ سے شروع ہورہے ہیں جو 21نومبر سے 18دسمبر تک جاری رہیں گے۔
خیال رہے کہ رواں برس 2022 قطر میں 21 نومبر سے 18 دسمبر تک فیفا ورلڈ کپ کیلئے میزبان ملک قطر سمیت کل 32 ٹیمیں کوالیفائی کر چکی ہیں، جو کہ مشرق وسطیٰ میں پہلی بار فٹ بال کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا۔
آج سے 3 ماہ قبل سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق فورٹیم ٹیکنالوجیز قطر کی وزارت داخلہ کے ساتھ ایک معاہدے کے بعد انٹرسیپٹر ڈرون فراہم کرے گی تاکہ فٹ بال گراؤنڈ اور اطراف کے مقامات پر دوسرے ڈرونز سے ممکنہ حملوں کو روکا جاسکے۔