اسلام آباد: چینی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 95ویں سالگرہ کا جی ایچ کیو راولپنڈی میں انعقاد کیا گیا، سپہ سالار قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی تھے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی 95 ویں سالگرہ کے موقع پر جی ایچ کیو میں تقریب ہوئی، سپہ سالار جنرل باجوہ، ایئرچیف اور پاک بحریہ کے سربراہ نے شرکت کی۔ چین کے سفیر نونگ رونگ، سفارتخانہ کے حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب کے دوران چین کے دفاع، سلامتی اور قومی تعمیر میں پی ایل اے کے کردار کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات گہرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلقات باہمی مفادات کے تحفظ کے لئے کام کرتے رہیں گے۔دونوں ممالک کے تعلقات یونین اور ہمہ جہتی ہیں جو چیلنجز کے دوران اہم ثابت ہوئے ہیں، پی ایل اے اور پاک آرمی“برادرز ان آرمز”ثابت ہوئے ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کی جوائنٹ کمیٹی برائے کوآپریشن کا اجلاس حال ہی میں منعقد ہوا، چین فوجی تعاون کے فروغ کے لئے نیا سیٹ اپ بنایا گیا ہے۔
پاک چین مشترکہ تعاون کمیٹی کا حالیہ اجلاس باہمی تعلقات میں نئی پیشرفت ہے، یہ نظام فوجی رابطوں میں فروغ کے لئے اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
چینی سفیر نے جی ایچ کیو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان آہنی بھائی، ہر موسم کے دوست اور اسٹریٹجک پارٹنر ہیں، پاکستان آرمی کی طرف سے پی ایل اے سالگرہ کی تقریب کے انعقاد پر آرمی چیف کے شکرگزار ہیں۔