سابق قومی باؤلنگ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ حسن علی ایک فاسٹ باؤلر ہیں جن کی پسلیوں میں زیادہ وزن اٹھانے کے باعث فریکچر ہوا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق باؤلنگ کوچ کے مطابق یہ کرکٹ بورڈ حکام اور مینجمنٹ کی غلطی ہے کہ انہوں نے تربیتی مشقوں کے دوران 140 کلو گرام کا وزن اٹھوایا جس کا خمیازہ انہیں فریکچر کی صورت میں بھگتنا پڑا۔
اظہر محمود کے مطابق فٹنس ٹریننگ کے دوران ویٹ لفٹنگ ایک عام بات ہے، تاہم وزن کو بڑھاتے ہوئے احتیاط ضروری ہے۔ اگر وزن کو 100 کلو گرام سے 140 کلو گرام تک لے جانا ہے تو اس کے لیے پہلے 110 کلو گرام تک لانا ہوگا اور پھر 120 تک۔
انہوں نے کہا کہ حسن علی جو 100 کلو گرام اٹھا رہے تھے، انہیں 140 کلو گرام تک لانے کے لیے زیادہ وقت نہیں دیا گیا جو مینجمنٹ کی غلطی ہے۔ اگر آپ وقت دیتے اور آہستہ آہستہ وزن بڑھاتے تو حسن علی اسے اٹھا سکتے تھے۔