اسلام آباد میں اوور سیز پاکستانیوں نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا ہے، ووٹ کا حق دینے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے سامنے اوور سیز کمیونٹی گلوبل کے چیئرمین میاں طارق کی قیادت میں احتجاج ہوا۔ اوور سیز پاکستانیوں نے مطالبہ کیا کہ 90 لاکھ پاکستانیوں کو حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا حق دیا جائے۔ مخصوص نشستیں بھی دی جائیں۔
ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین گلوبل اوور سیز کمیونٹی کے چیئرمین میاں طارق اور دیگر نے کہا کہ ہم ایک عرصے سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق دیا جائے۔ ہم 2018 سے مطالبہ کر رہے ہیں جو پورا نہیں ہوسکا۔
چیئرمین گلوبل اوور سیز کمیونٹی اور دیگر مظاہرین نے کہا کہ جب ہمیں ووٹ کا حق دیا جائے گا تو ہم اپنی مرضی کے نمائندے چنیں گے۔ حکومت ہمیں ووٹ کا حق دینا چاہتی ہے تاہم مختلف النوع سیاسی جماعتیں اور الیکشن کمیشن روڑے اٹکا رہا ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر 2023 میں بھی ووٹ ڈالنے کا حق نہ ملا تو یہ 90 لاکھ اوور سیز پاکستانیوں کی توہین ہوگی جو 30 ار ب سالانہ زرِ مبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں۔ ہم آپ کو ایسا نہیں کرنے دیں گے۔ پوری دنیا سے ہمارے نمائندے الیکشن کمیشن کے باہر موجود ہیں۔
الیکشن کمیشن کے باہر سراپا احتجاج اوور سیز پاکستانیوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر ہمیں مخصوص نشستیں دی جائیں کیونکہ نہ ہمارے یہاں حلقے ہیں اور نہ ہی ہم یہاں کے مافیا کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ جو کچھ دیگر ممالک سے سیکھا ہے، وہ ڈلیور کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ووٹ کا حق دینے میں سنجیدہ نہیں۔ وزیر اعظم پر اعتماد ہے تاہم بیورو کریسی اور سیاسی جماعتیں روڑے اٹکا رہے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ عمران خان بزورِ طاقت الیکشن کمیشن سے حق لے کر دیں۔ مطالبات کی منظوری تک ہر تین ماہ بعد احتجاج کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: دہشت گرد مہاجرین کی آڑ میں پاکستان آسکتے ہیں۔معید یوسف