کوالالمپور ایئرپورٹ پر 350 سے زائد پاکستانی مسافر پرواز کی عدم دستیابی کے باعث پھنس گئے ہیں، ان میں لاہور کا ایک رہائشی بھی شامل ہے جس کی شادی آج جمعہ کے روز طے ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی شہری کوالالمپور ایئرپورٹ پر اس وقت سے پھنسے ہوئے ہیں جب بٹک ایئر کی پرواز OD 131 انہیں ایئربس 330 کے ذریعے کوالالمپور سے لاہور لے کر آنی تھی تاہم پانچ دن گزر جانے کے باوجود ان کی واپسی ممکن نہیں ہو سکی۔
ہربنس پورہ لاہور کے رہائشی ذیشان احمد صدیقی بھی ان مسافروں میں شامل ہیں اور ان کی بارات آج جمعہ کے روز طے ہے جبکہ بارات کے مہمان ان کے گھر پہنچ چکے ہیں تاہم دلہے کے واپس آنے کا کوئی امکان نہیں دکھائی دے رہا۔
پرواز کے مسافروں کا کہنا ہے کہ ان میں زیادہ تعداد خواتین، بچوں اور بزرگوں کی ہے۔ ایئر لائن کے پاس پاکستان جانے کے لئے کوئی طیارہ دستیاب نہیں ہے اور جو ایک طیارہ مشکل سے فراہم کیا گیا، اس میں پرواز سے کچھ دیر قبل تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی۔ اس کے بعد مسافروں کو دوبارہ ایئرپورٹ لاؤنج اور پھر ہوٹل منتقل کر دیا گیا۔
پرواز OD 131 کے ذریعے پاکستان واپس جانے کی امید رکھنے والے مسافروں نے پاکستانی حکومت سے خصوصی انتظامات کی اپیل کی ہے کیونکہ زیادہ تر مسافروں کے پاس خرچ کے لئے رقم ختم ہو رہی ہے۔