لاس اینجلس: آسکرایوارڈ 2023ء کے سلسلے میں کل 95 ویں رنگا رنگ تقریب کا انعقاد ہوا جس میں دنیا بھر کی فلم انڈسٹریز کے ستاروں نے تقریب میں شرکت کرکے محفل کو چار چاند لگا دیے۔
آسکر 2023ء کے سلسلے میں ہونے والی 95 ویں تقریب میں فلم ’ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس‘ کا چرچا رہا، جو کہ سات ایوارڈ اپنے نام کرکے سب سے آگے رہی جن میں بہترین فلم کا اداکار بھی شامل ہے۔
اسی فلم کے ڈائریکٹرز ڈینیل کیوان اور ڈینیل شینرٹ کو بہترین ہدایت کاروں کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔
بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی ’ایوری تھنگ ایوری ویئر‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی ملائیشین ادکارہ مشیل ییو نے اپنے نام کیا۔
ملائیشین اداکارہ نے یہ ایوارڈ اپنے نام کرکے تاریخ رقم کردی کیونکہ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی ایشین خاتون اداکارہ ہیں۔
بہترین معاون اداکار اور بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈز بھی ’ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس‘ کے اداکار کے ہوئے کوان اور جیمی لی کرٹس نے حاصل کیے۔
دی ممی جیسی شہرہ آفاق فلم میں ہیرو کا کردار ادا کرنے والے اداکار برینڈن فریزر نے فلم ’دی وہیل‘ کی بدولت بہترین اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
ایوارڈز کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر پہلی عالمی جنگ پر بنائی جانے والی جرمن فلم ’آل کوایئٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ‘ نے چار ایوارڈز اپنے نام کیے جن میں بہترین عکس بندی، بہترین بین الااقوامی فلم اور بہترین اوریجنل سکور جیسے ایوارڈز شامل ہیں۔
بہترین دستاویزی فلم کا ایوارڈ روسی اپوزیشن رہنما الیکسی نوالنے پر بنائی گئی ڈاکیومینٹری کو دیا گیا۔
جبکہ انڈین فلم ’آر آر آر‘ کے گانے گانے ’ناٹو ناٹو‘ کو بہترین اوریجنل سونگ کا ایوارڈ دیا گیا۔
بہترین اینی میٹڈ فلم کی کیٹگری میں گیورمو دیل تورو کی پنوکیو فاتح رہی۔