اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سید شبلی فراز کا کہنا ہے کہ اپوزیشن بنارسی ٹھگوں کا ٹولہ ہے، قوم ان سے جلد حساب لے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن شر کی قوتوں کی نمائندہ اور ٹھگوں کا ٹولہ ہے۔ یہ معیشت کی جڑیں کھوکھلی کرنے والے کرپشن زدہ چہروں کو دھول میں چھپانا چاہتے ہیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بلاول صاحب! آپ کی حیثیت کیا ہے؟ شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں پر پتھر نہ پھینکیں جبکہ لیگی رہنما مریم نواز پر طنزیہ نشتر چلاتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ وہ صرف جوتے اور کپڑے پہن کر‘’بینظیر”نہیں بن سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اداروں کو لڑانے کی کوشش کی۔ شرپسند قوتیں مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں کام کر رہی ہیں۔ انہیں معلوم نہیں کہ یہ کس آگ سے کھیل رہے ہیں۔کسی کرپٹ کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن دشمن کے بیانیے کو تقویت دے رہی ہے۔ بھارت افراتفری پھیلانے والوں کی تصاویر دکھا رہا ہے۔ ان بہروپیوں نے ملک کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ہے۔ قوم ملک میں بدامنی پھیلانے والوں سے حساب لے گی۔ عمران خان نے دو سال پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ یہ سب اکٹھے ہو جائیں گے۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے تو پولیس وین میں بھی نعرے لگائے تھے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا لگتا ہے کہ دروازے توڑے گئے؟ جھوٹ بولنا ان کی عادت ہے، ان پر یقین نہ کریں۔ ایسا بالکل نہیں ہوا، جس طرح یہ معاملہ پیش کیا جا رہا ہے۔ کراچی واقعے کے حقائق تو سامنے آ جائیں گے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مزار قائد واقعہ پیش آیا جو نہیں ہونا چاہیے تھا۔ ایک طرف بلاول بھٹو پولیس کے ساتھ مل کر ان کی چھٹیاں کینسل کروا دیتے ہیں۔ مجھے اس معاملے میں دال میں کالا نظر آ رہا ہے۔ یہ اپنے اثاثوں کو بچانے کے لیے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی مجرم کی حوالگی کے لیے متعلقہ ملک کے ساتھ معاہدہ ضروری ہے، اس سلسلے میں کئی ممالک کے ساتھ معاہدے ہوتے ہیں لیکن ہمارے حکمرانوں کو پتا تھا ان کا آخری ٹھکانہ پاکستان نہیں، اس لئے انہوں نے جان بوجھ کر برطانیہ کے ساتھ مجرمان کی حوالگی کا معاہدہ نہیں کیا۔