ٹیکسلا:وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرو ر خان کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے، وہ ملک دشمن بیانیے کو تو فروغ نہ دیں،پی ڈی ایم کا ایجنڈا مالک میں انتشار پھیلانا اور پاک فوج سے بغض ہے،سب سے بڑی برائی پی ڈی ایم سے اللہ ہم سب کو بچائے۔
ملک سے پسماندگی اور غربت کے خاتمے کے لئے جدو جہد جاری رکھیں گے۔وفاقی وزیر نے موضع ساگرہ ٹیکسلا میں 5 کروڑ 80لاکھ روپے کی لاگت سے علاقے کے لئے گیس کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ایم این اے منصور حیات خان اور ایم پی اے عمار مسعود موجود تھے۔
اس گیس کی فراہمی منصوبے سے ساگرہ، ڈھوک محمد جان، ڈھوک بابا آزاد، باغوں والی، محلہ مصطفی آباد اور ڈھوک موچیاں کے عوام مستفید ہو سکیں گے۔غلام سرور خان نے کہاکہ اس علاقے کا دیرینہ مطالبہ آج پایہ تکمیل تک پہنچا اس پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ بنیادی سہولتوں سے مستفید ہونا آپ کا حق ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں آپ کا نمائندہ ہو ں یہ ہمارا فرض ہے کہ آپ کوتمام بنیادی سہولتیں مہیا کی جائیں اس کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ اس پورے علاقے میں گیس،بجلی اوردیگر سہولتوں کی فراہمی میرا مشن ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک سے پسماندگی اور غربت کے خاتمے کے لئے جدو جہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہم اس علاقے سے ستائیس دفعہ ہمارے گروپ نے الیکشن لڑا اور جیتا یہ آپ کے تعاون سے ممکن ہو سکاہے۔ انہوں نے کہاکہ احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے مگر وہ ملک دشمن بیانیے کو تو فروغ نہ دیں۔
غلام سرور خان نے کہاکہ بددیانت شخص تین بار وزیر اعظم رہ چکے ہیں،ان کا ایجنڈا صرف انڈیا کو خوش کر ناہے،ہندوستان سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے،وہ ہمارے مستقبل کے ساتھ کھیل رہا ہے۔