اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
قبل ازیں سابق وفاقی وزراء احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی اور مریم اورنگزیب کے ساتھ ساتھ دیگر ن لیگی رہنما بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جس کے بعد شہباز شریف کے کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سابق وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف طبی ماہرین کی ہدایات پر سختی سے عمل کر رہے ہیں۔
ملک بھر میں تیزی سے بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کیسز کے پیشِ نظر ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے متعدد مرتبہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ کروائے جس کے دوران آج ان کا نتیجہ مثبت نکلا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں کورونا وائرس سے 1 لاکھ 19 ہزار536 افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 356 ہو گئی۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے 5 ہزار 834نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس کے باعث 101 مزید لوگ زندگی کی بازی ہار گئے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سے 2 ہزار356 افراد جاں بحق