اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق اپوزیشن اور ہندوستان ایک پیج پر ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق حکومتی اقدامات اور ترجمانوں کو کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق بریفنگ دی گئی، جب کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایف اے ٹی ایف قانون سازی میں اپوزیشن کے کردار سے متعلق بات چیت کی۔
ایف اے ٹی ایف قانون سازی روکنے پر اپوزیشن کا کردار قوم کے سامنے رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہندوستان کی پوری کوشش ہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل ہو، جب کہ اپوزیشن نے حکومت کو بلیک میل کرنے کے لیے ایف اے ٹی ایف کی قانون سازی روکی، اسی لئے ایف اے ٹی ایف سے متعلق اپوزیشن اور ہندوستان ایک پیج پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر جمہوریت میں اپوزیشن کا ملک کے لیے اہم کردار ہوتا ہے، موجودہ اپوزیشن صرف اپنی کرپشن بچانے کے لیے ملک کو نقصان پہنچا رہی ہے، اپوزیشن انسداد منی لانڈرنگ قانون میں اپنے مفاد کی ترامیم چاہتی ہے، یہ لوگ کس طرح کس طرح ذاتی مفادات کو قومی مفاد پر ترجیح دے رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ میں ایک بار پھر واضح کردوں کہ کسی کو این آر او نہیں ملے گا۔