اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں دوبارہ انتخابات کو ملکی مسائل کا واحد حل قرار دیاگیا ہے۔
حزب اختلاف کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کے چار نکاتی ایجنڈے کی بھرپور حمایت کی گئی کہ ہر صورت آئین کی حکمرانی کو بحال رکھا جائے گا جبکہ تمام اداروں کو آئینی دائروں میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سیاسی اورآئینی بحران کا حل موجودہ حکومت کا خاتمہ ہے، شفاف الیکشن حتمی مطالبہ ہے اس پر کوئی مفاہمت نہیں ہوگی، تمام اپوزیشن جماعتوں نے قرار دیا مسائل کا حل انتخابات میں ہے اور سلیکٹیڈ وزیراعظم قبول نہیں ،ایجنڈے کی تکمیل تک تگ ودو جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ‘الیکشن کمیشن کے اراکین سے متعلق 3 رکنی کمیٹی تشکل دے دی گئی ہے، کمیٹی ممبر الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کے نام تجویز کرے گی اور آئین و قانون کے مطابق اپوزیشن نام حکومت کے سامنے پیش کرے گی۔
فضل الرحمان نے کہا کہ ہم اپنے چار نکات پر قائم ہیں، حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے پورا ریاستی ڈھانچہ معطل ہو گیا ہے، وزیر اعظم کا طرز حکمرانی نفرت اور انتشار کو فروغ دے رہا ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا کہ سیاسی اور آئینی بحران کا حل حکومت کا خاتمہ ہے، سیاسی و آئینی بحران کا حل فوری آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہیں، تمام صوبوں اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے، نئے انتخابات پر کوئی مفاہمت نہیں ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت متحدہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس