لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے صدر شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہفتے کے روز حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے بعد وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’بہتر ہوتا کہ وزیراعظم نئے سال کے آغاز پر ہی عوام پر پیٹرول بم گرانے کے بجائے استعفیٰ دے دیتے‘۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا میں حکومتیں تہواروں پر چیزیں سستی کر دیتی ہیں۔ لیکن عمران نیازی نے مہنگائی کا بم گرا دیا۔ پی ٹی آئی حکومت نئے سال پر عوام کی خوشیاں برداشت نہیں کر سکی۔
نئے سال پر پیٹرول بم پھینکنے سے بہتر تھا کہ عمران نیازی استعفیٰ دے دیتے۔
دنیا میں حکومتیں خوشی کے تہواروں پر اشیاء سستی کرتی ہیں، عمران نیازی نے مہنگائی کا بم گرا دیا۔
پی ٹی آئی حکومت کو عوام کی سال نو پر خوشی بھی برداشت نہیں ہوئی#NewYear2022
— President PMLN (@president_pmln) January 1, 2022
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا دوسرا نام جبر، استحصال اور بے حسی ہے۔ اپوزیشن نے کہا کہ وزیر اعظم کو قوم کو اپنی حماقتوں کی سزا نہیں دینی چاہیے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ ”عوام کو مہنگائی میں زندہ دفن کرنے کے بجائے عمران نیازی کو مستعفی ہوجانا چاہیے“، انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگاری سے بچانے کے لیے اس ”ظالم حکومت“ سے جان چھڑانی ہوگی۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرپرسن نے بھی ایسے ہی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو نئے سال کا تحفہ دیا ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ’نیا پاکستان‘ ہر سال ’پچھلے سے زیادہ مہنگا‘ ثابت ہوا، انہوں نے مزید کہا کہ بعد میں ہر چیز کا الزام پچھلی حکومتوں کی پالیسیوں پر لگادیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دعویٰ کیا تھا کہ 2021 خوشحالی کا سال ہوگا لیکن 2022 اب آچکا ہے تو خوشحالی کا یہ دعویٰ کہاں گیا؟
مزید پڑھیں: نئے سال 2022کے آغاز پر ہمیں تلخیاں کم کرنے کی ضرورت ہے، فواد چوہدری