اسلام آباد میں شہری انتظامیہ نے ناجائز تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن شروع کردیا جس کے دوران غیر قانونی اور قبضے کی زمینوں پر قائم کرکٹ اکیڈمیوں کی بھی شامت آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن نےشہرِ اقتدار میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے نائنتھ ایونیو پر قائم غیر قانونی کرکٹ اکیڈمی کو سیل کردیا۔ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن نے غیر قانونی تعمیرات ہٹانے کے نوٹسز پر عمل درآمد نہ کرنے پر یہ اقدام اٹھایا۔
باخبر ذرائع کے مطابق سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایڈوائزر شکیل شیخ نے انتظامیہ کو بلیک میل کرکے 93-1992ء میں ڈائمنڈ کرکٹ کلب کا روحِ رواں بننے کے بعد نائنتھ ایونیو میں گرین بیلٹ پر قبضہ کیا۔شکیل شیخ نے اکیڈمی کے نام پر نوجوانوں سے ماہانہ فیسیں اور تحائف وصول کیے۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈائمنڈ کرکٹ کلب پر قابض گروہ شکیل شیخ کی سرپرستی میں نوجوانوں کو قومی کرکٹ ٹیم میں منتخب کرانے کا جھانسہ دے کر لوٹ مار میں مصروف تھا۔فیسوں اور تحفوں کی مد میں کروڑوں روپے کی لوٹ مار کی گئی۔
ڈائمنڈ کرکٹ کلب پر طویل عرصے سے قابض گروہ کو وفاقی دارالحکومت کے طاقتور گروہ کی پشت پناہی بھی حاصل ہے۔قابض گروہ ذاتی پسند و ناپسند کی بنیاد پر نوجوانوں کو کرکٹ کھیلنے کے مواقع فراہم کرتے تھے۔
کرکٹ کلب پر قابض گروہ نے گزشتہ سالوں میں ڈائمنڈ کرکٹ کلب سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے کمائے۔ ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن نے بارہا غیر قانونی تعمیرات ہٹانے کے نوٹسز دئیے جن پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
کلب کو سیل کرنے والی شہری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی اکیڈمی کو 3 دن میں مسمار کر دیا جائے گا۔ ادھر ڈائمنڈ کرکٹ کلب کو سیل کرنے پر شہریوں اور نوجوانوں نے انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی قبضے کی زمینوں پر قائم کرکٹ اکیڈمیوں کے خلاف کاروائی سے نہ صرف قبضہ مافیا کی حوصلہ شکنی ہو گی بلکہ اسلام آباد میں حقیقی معنوں میں کرکٹ کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔