صوابی میں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کیا جس کے دوران 52 ملزمان گرفتار ہوئے جن کے قبضے سے چرس اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او صوابی کی ہدایات پر پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف ڈی ایس پی سرکل ٹوپی افتخار علی، ایس ایچ او انسپکٹرجواد خان کی قیادت میں ایلیٹ فورس اور سی ٹی ڈی کے ہمراہ مختلف علاقوں میں آپریشن کیا۔
سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے نتیجے میں ملزم عبدالعمد کے قبضے سے 4.080 گرام چرس اور 5 کارتوس کے ہمراہ پستول برآمد ہوا۔ ملزم مکرم خام کے موٹر سائیکل سیٹ سے 2.050 گرام چرس برآمد کی گئی جبکہ ملزم ابراہیم کے قبضے سے کلاشنکوف اور 5 کارتوس برآمد ہوئے۔
دیگر کارروائیوں میں 9 سہولت کار بھی گرفتار ہوئے جبکہ 3 افراد کو غیر قانونی رہائش رکھنے پر گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ 47 مشتبہ افراد گرفتار ہوئے۔ پولیس نے تمام مشکوک افراد کا ڈیٹا چیک کیا جنہیں گرفتار کیا گیا۔
حراست میں لیے گئے مشکوک افراد کو ویریفیکیشن کلیئر ہونے پر چھوڑا گیا، تاہم منشیات اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: عدالت نے آرزو کے شوہر کی گرفتاری سے روک دیا، تحفظ دینے کا حکم