ریاض:سعودی عرب میں اب تک 10 لاکھ سے زیادہ افراد کو کووِڈ19کی ویکسین کے انجیکشن لگائے جاچکے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارتِ صحت نے بتایاکہ ملک بھر میں ویکسین لگانے کے لیے 405مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں تمام اہل افراد کو حکومت کی جانب سے مفت ویکسین لگائی جارہی ہے۔
قبل ازیں سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مملکت بھر میں دواخانوں (فارمیسیوں)میں کرونا وائرس کی ویکسین مفت مہیا کرنے کا اعلان کیا۔انھوں نے ایک خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ شہریوں کی ویکسین تک رسائی آسان بنانے اور ویکسی نیشن کی مہم کو مربوط بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی نے گذشتہ ہفتے یہ اطلاع دی تھی کہ اس مہم کے حصے کے طور پر بعض جامعات میں بھی ویکسین لگانے کے مراکز قائم کیے جارہے ہیں۔وہاں جامعات کے فیکلٹی ارکان اور ان کے خاندانوں کے افراد کے علاوہ عام لوگوں کے لیے کووِڈ19کی ویکسین دستیاب ہوگی۔
تاہم سعودی وزارت صحت کے منظورشدہ الیکٹرانک نظام کے مطابق ترجیحی عمر کے گروپوں کو پہلے ویکسین لگائی جارہی ہے۔ویکسین لگوانے کے خواہاں سعودی شہریوں کے پاس کارآمد قومی شناختی کارڈ اور تارکین وطن کے پاس کارآمد اقامے ہونے چاہئے۔
ایسے اہل افراد وزارتِ صحت کی صحتی ایپ پر اپنے ناموں کا اندراج کرسکتے ہیں۔دریں اثنا سعودی وزارت صحت نے کرونا وائرس کے 331 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے اور پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار 351 مریض شفایاب ہوگئے ہیں۔
اس طرح ملک میں اب تک کووِڈ19 کی وبا پھیلنے کے بعد 378333 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ان میں سے 369277 مریض تن درست ہوچکے ہیں جبکہ 6510 مریض وفات پا چکے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق اس وقت ملک میں کووِڈ19 کے فعال کیسوں کی تعداد 2546 ہے،ان میں سے 501 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے اور وہ مختلف اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں۔