کراچی میں 8 گاڑیوں اور 1 موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 1 شخص زخمی ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ گزشتہ شب کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع سلطان مسجد کے قریب پیش آیا جہاں 8 گاڑیوں اور 1 موٹر سائیکل کے درمیان تصادم ہوا۔
تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شخص زخمی ہوگیا۔ گزری پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں کسی مزید جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوسکی۔
موٹر سائیکل سوار زخمی شخص کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ حادثہ خیابانِ حافظ اور خیابانِ بحریہ کے انٹرسیکشن پر پیش آیا۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے تصادم کی وجوہات کے بارے میں تفتیش کی جارہی ہے تاکہ حادثے کے ذمہ دار کا تعین کیا جاسکے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی اہم شاہراہ پر کوسٹر اور پک اپ کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہو گئے۔
یہ افسوسناک حادثہ اسلام آباد کی سری نگر ہائی وے پر پولیس ہیڈ کوارٹر کے موڑ پر گزشتہ برس 27 دسمبر کو پیش آیا جہاں کوسٹر اور سوزوکی پک اپ آپس میں ٹکرا گئیں۔
مزید پڑھیں: اہم شاہراہ پر کوسٹر اور پک اپ کا تصادم، 4 افراد جاں بحق، 11 زخمی