کراچی:وفاقی وزیرتوانائی عمر ایوب خان نے کے الیکٹرک کو آج ہر صورت کراچی کی بجلی مکمل طور پر بحال کرنے کا حکم دیدیا ہے جبکہ کے الیکٹرک نے 90 فیصد علاقوں میں بجلی بحال کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
کراچی میں بارش کے بعد 3 روز سے بجلی کی بندش پر وفاقی وزیر نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کے الیکٹرک حکام کی سخت سرزنش بھی کی جبکہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو ٹیلیفون کرکے شہر سے بجلی غائب ہونے سے متعلق استفسار کیا۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ پانی جمع ہونے کی وجہ سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے لیکن یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ دو دن بعد بھی مکمل شہر کی بجلی بحال نہیں ہوئی ہے۔گورنر سندھ نے کے الیکٹرک کے سی ای او سے کہا کہ شہر میں بجلی کی فوری بحالی یقینی بنائی جائے۔
شہر قائد میں بجلی فراہم کرنے کی ذمہ دار کمپنی کے الیکٹرک نے کہاہے کہ 90فی صد سے زائد مقامات پر بجلی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔بارشوں میں کے الیکٹرک کے 50فیصد سب اسٹیشن زیر آب آگئے۔
مزید پڑھیں:کراچی میں بارش کے بعد ڈیفنس میں تاحال پانی نہیں نکالا جاسکا، شہری گھروں میں محصور