وزیراعظم شہبازشریف سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ نے ملاقات کی۔
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم کے بارے میں بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت پر حسین ابراہیم طحہٰ کا شکریہ ادا کیا۔
مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس11-12 جنوری کو اسلام آباد میں ہورہی ہے۔
اس حوالے سے شہباز شریف کاکہنا تھاکہ کانفرنس کا مقصد مسلم دنیا میں خواتین کی معیاری تعلیم اورخواتین کو بااختیاربنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہیں۔
مذاکرات معطل؟ عمران خان کی اپنے کیسز عالمی سطح پر لے جانے کی دھمکی
وزیراعظم کا او آئی سی کی مشترکہ ترجیحات اورمقاصد آگے بڑھانے کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور مقبوضہ جموں وکشمیر تنازع کے حل کیلئے او آئی سی کے اصولی مؤقف پر شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھاکہ غزہ میں فوری اورغیرمشروط جنگ بندی، فلسطینی عوام کیلئے انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جائے، اسرائیل کے وسیع پیمانے پرجنگی جرائم کےخلاف عالمی احتساب ہونا چاہیے۔
سیکرٹری جنرل اوآئی سی نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ مسلم دنیا میں لڑکیوں کی تعلیم پربین الاقوامی کانفرنس مسلم امہ کیلئے اہم ہے اور اس بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد پاکستان کے قائدانہ کردار کی مثال ہے۔
سیکرٹری جنرل اوآئی سی نے کشمیری عوام کی آزادی اورحق خودارادیت کی جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور اتفاق کیا کہ اوآئی سی کوغزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے عالمی برادری پر دباؤ جاری رکھنا چاہیے، مسئلہ فلسطین کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اورفلسطین کے عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
دونوں رہنماؤں نے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔