اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری وفاقی حکومت کو ارسال کردی۔ پیٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے۔
اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے حکومت کو ارسال کی گئی سمری میں ڈیزل کی قیمت میں اڑھائی روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز دی گئی ہے۔ تاہم لیوی کی شرح بڑھانے پر موجودہ قیمتیں برقرار رہ سکتی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت فی لیٹر ڈیزل پر 12 روپے 74 پیسے پیٹرولیم لیوی وصول کی جارہی ہے جبکہ فی لیٹر پیٹرول پر 11 روپے 23 پیسے پیٹرولیم لیوی وصول کی جارہی ہے۔ تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم کرینگے۔
واضح رہے کہ 15 فروری کے بعد سے لیکر اب تک وزیراعظم عمران خان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کئی مرتبہ مسترد کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ اوگرا کی جانب سے 15 فروری کو وزیراعظم کو بھیجی گئی سمری میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 61 فی لیٹر ، پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 7 پیسے ، مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لیٹر 10 روپے 79 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 7 روپے 43 پیسے بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی۔