لاہور: معروف قوال راحت فتح علی خان نے کہا ہے کہ میرے چچا نصرت فتح علی خان کا مقبرہ سرکاری اخراجات پر تعمیر نہیں کیا جارہا بلکہ اس کی تعمیر کیلئے رقم میں اور اہلِ خانہ خرچ کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راحت فتح علی خان نے آنجہانی قوال کے مقبرے کے دورے کے موقعے پر قبر کی تعمیرا ت کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خاندان کیلئے نصرت فتح علی خان کی حیثیت تاج کے ہیرے کی سی ہے۔ مقبرے کی تعمیر کیلئے ہم نے ماہرین کو چنیوٹ سے بلایا۔
معروف گلوکار و موسیقار راحت فتح علی خان نے کہا کہ قوالوں کے بادشاہ کا مقبرہ 6 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ اگر حکومت کچھ کرنا چاہتی ہے تو اس اکیڈمی اور گھر کیلئے کرے جہاں نصرت فتح علی خان رہا کرتے تھے۔ ان کی پیدائش 1948ء میں پنجاب میں ہوئی تھی۔
موسیقی کی تاریخ کے اہم ترین قوال نصرت فتح علی خان نے 1987ء میں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی اپنے نام کیا۔ 1995ء میں انہیں یونیسکو میوزک پرائز سے نوازا گیا جبکہ 1996ء میں عالمی فلم فیسٹیول میں فلمی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ دیا گیا۔
مجموعی طور پر 25 سالہ موسیقی کے کیرئیر میں نصرت فتح علی خان کو بے شمار اعزازات سے نوازا گیا اور پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں شہرت حاصل ہوئی۔ راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ نصرت فتح علی خان قوم کا سرمایہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کردار کشی کا سوچ بھی نہیں سکتی، نازش جہانگیر کامحسن عباس کیس پر ردِعمل