اسلام آباد: محسن پاکستان ملک کے لئے عظیم کارنامہ سر انجام دینے والے ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرعبدالقدیرخان کواسلام آباد کے ایچ 8 قبرستان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا، تدفین سے قبل گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا، مسلح افواج و پولیس کے دستوں نے سلامی پیش کی۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خواہش کے مطابق ان کی نماز جنازہ اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ادا کی گئی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نماز جنازہ پروفیسر ڈاکٹر محمد الغزالی نے پڑھائی۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ کے دوران بارش برستی رہی، نمازِ جنازہ میں قائم مقام صدر سینیٹر صادق سنجرانی اور وفاقی وزراء سمیت سیاسی و عسکری قیادت بھی شریک ہوئی۔
قائمقام صدر مملکت چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، کابینہ کے ارکان، اراکین اسمبلی، سول اور عسکری حکام اور عوام کی بڑی تعداد نے کھلے میدان میں ہونیوالی نماز جنازہ میں بارش کے باوجود شرکت کی۔
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق کابینہ کے تمام ارکان نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے اور مسلح افواج کے اعلیٰ افسران بھی شرکت کریں گے جبکہ عوام کو بھی نماز جنازہ میں شریک ہونے کی اجازت ہو گی۔
مزید پڑھیں:ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کردی گئی