اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اعتماد کے ووٹ کا شوشہ سینیٹ میں شکست چھپانے کی کوشش ہے، انہوں نے کہا کہ ہم بتائیں گے کہ عدم اعتماد کب اور کہاں ہوگا؟
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم کے اپنے ارکان اور اتحادیوں نے بھی ان کا ساتھ چھوڑ دیا۔ اب مزید ڈرامے بازی نہیں چلے گی۔ کسی کو این آر او ملے گا، نہ بھاگنے دیں گے۔ وزیراعظم کو پیسے لینے اور دینے والوں کا علم ہے تو نام سامنے لائیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف کون سی حکمت عملی اپنائی جائے گی، اس کا فیصلہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اپوزیشن اسلام آباد کی سیٹ جیت گئی تو نئے انتخابات کرا دیں گے، ہم نے ان کا چیلنج قبول کر لیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن سمیت ہر فورم پر مقابلہ کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ڈی ایم میں اتفاق رائے سے جو بھی فیصلہ ہوگا، اس پر عمل کریں گے۔ ہم انھیں چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔ ہم این آر او نہیں دیں گے، کہیں نہیں بھاگ سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے دنیا کو سینیٹ الیکشن میں بتا دیا کہ حکمران مسترد ہو چکے ہیں۔ سینیٹ الیکشن کے بعد اخلاقی طور پر ہی اپنا استعفیٰ جمع کرا دیتے۔ کل کہا تھا اعتماد کا ووٹ لوں گا، اب اس سے بھی پیچھے ہٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی ارکان نے مثبت رسپانس دیا، جانتے ہیں کن حکومتی ارکان کی ہمدردیاں ہمارے ساتھ ہیں، ہمارے ساتھ کتنے لوگ ہیں ابھی کارڈ شو نہیں کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم اسمبلی تحلیل کرنے سے ڈرتے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ کون کون لوگ اگلا الیکشن تیر اور شیر کے نشان سے لڑنا چاہتے ہیں۔ جن کو سیاست کا پتا ہے، ان کو ہماری سیاست کا اندازہ ہے۔ چیلنج کرتا ہوں، ہمت ہے تو ان ارکان کو جماعت سے نکالو۔