نیویارک:عالمی نمبر ون ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے کہا ہے کہ وہ کورونا وباء سے متعلق الزام تراشیوں کا شکار ہیں اور وہ ممکنہ طور پر آئندہ ماہ شیڈول یو ایس اوپن کا بائیکاٹ کریں گے۔
واضح رہے کہ سربیا کے دارالحکومت بلغراد اور کروشیا کے شہر زیڈار میں جونس میں ٹینس کے نمائشی میچز کھیلنے کے بعد جوکووچ سمیت چار کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔نوواک جوکووچ کے علاوہ گریگور دمتروو، بورنا کورک اور وکٹر ٹروئکی کورونا کا شکار ہو گئے تھے۔
نمائشی میچ کے دوران کھلاڑیوں کی ایک دوسرے سے گلے ملنے، ساتھ باسکٹ بال کھیلنے اور پارٹی کرنے کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد جوکووچ پر تنقید کی گئی تھی اور ساتھی کھلاڑی نِک کِرگیوز نے ان کے عمل کو “غیر ذمہ دارانہ’ قرار دیا تھا۔
جوکووچ نے سربین اخبار کو بتایا کہ میں نے بعد میں صرف تنقید دیکھی جس میں سے زیادہ تر بغض سے بھری تھی۔’انہوں نے کہا کہ یہ یقینی طور پر صرف تنقید سے زیادہ ہے، یہ ایک ایجنڈا کی طرح ہے اور الزام تراشی جاری ہے۔
ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ میں نے ابھی تک یو ایس اوپن میں کھیلنے کے حوالے سے فیصلہ نہیں کیا ہے، امریکا اور بالخصوص نیویارک میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ایونٹ کے حق میں نہیں ہے۔