اسلام آباد: صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبرپختونخوا کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نجی اسکولز بھی 7 جون سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت تعلیم کے ذیلی ادارے پیرا نے اسلام آباد کے نجی تعلیمی ادارے7 جون سے کھولنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے مکمل ایس او پیز کے تحت کھولے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن میں میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد نے نجی تعلیمی اداروں میں 7 جون پیر سے تدریس کا عمل شروع ہو جائے گا تاہم کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ایس او پیز پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔
اس سے قبل پیرا نے اعلان کیا تھا کہ نویں اور دسویں جماعت کا انگلش ، اسلامیات ، مطالعہ پاکستان اور اردو کا امتحان نہیں ہو گا البتہ باقی چار اختیاری مضامین کے امتحانات لیے جائیں گے۔
پیرا کے مطابق گیارہویں اور بارہویں کے لازمی مضامین مطالعہ پاکستان ، انگلش، اردو اور اسلامیات کے امتحانات ہوں گے۔ 9ویں، 10ویں، 11ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات کی ڈیٹ شیٹ متعلقہ بورڈز اپنے شیڈول کے مطابق جاری کریں گے۔
خیال رہے پنجاب حکومت نے 7 جون سے صوبے بھر کے تمام اسکولز کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے ہفتے میں 4 دن کھولے جائیں گے۔ تعلیمی ادارے میں ایک دن میں 50 فیصد حاضری ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم اور ان کی ٹیم کو عام آدمی کا احساس نہیں ہے، بلاول بھٹو